احادیث صحیحہ میں اختلاف کے اسباب
از قلم ساجد محمود انصاری احادیث صحیحہ میں اختلاف کے متعدد اسباب ہیں، جن میں سے چند کا ذکر یہاں کیا جارہا ہے ۱۔ بعض اخبارِ احاد ابتدائے احکام کے زمانے کی روایت ہیں اور بعض آخری زمانے کی۔ احکامِ شرع میں ایک فطری تدریج پائی جاتی ہے۔اسی فطری تدریج کے مطابق احکام نازل ہوتے رہے۔ لہٰذا جو متعارض احادیث پہلے زمانے سے متعلق ہیں وہ عموماًمنسوخ ہوچکی ہیں۔ جیسے ایک روایت میں ہے کہ نبی ﷺ نے قبروں کی زیارت سے منع فرمادیا۔یہ مدینہ ہجرت کے بعد ابتدائی زمانے کا حکم ہے کیونکہ یہودِ مدینہ اپنے بزرگوں کی قبروں کی حد سے زیادہ تعظیم کرتے تھے اور احتمال تھا کہ کہیں نو مسلم بھی ان کی دیکھا دیکھی اس مرض میں مبتلا نہ ہوجائیں۔ تاہم بعد میں جب صحابہ کرام ؓ کی تربیت پختہ ہوگئی تو انہیں عبرت حاصل کرنے کے لیے زیارتِ قبو ر کی اجازت دے دی گئی۔لہٰذا اب زیارتِ قبور کی ممانعت کا حکم منسوخ ہوگیا۔بعد والی حدیث اس کی ناسخ قرار پائی۔ اسی طرح ابتدائے اسلام میں حکم یہ تھا کہ ہمبستری کے وقت جب انزال نہ ہو تو غسل فرض نہیں، مگر بعد میں یہ رخصت ختم کردی گئی اور حکم دیا گیا کہ انزال ہو یا نہ ہ...